شیموگہ، 28/ فروری (ایس او نیوز/ایجنسی) وزیر اعظم نریندر مودی نے انتخابی ریاست کرناٹک میں شیموگہ ایئرپورٹ کا افتتاح انجام دیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ریاست اور مرکز کی ڈیل انجمن بی جے پی حکومت تیز رفتار ترقی کو یقینی بنارہی ہے۔
یہاں کثیر مجمع سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے کرناٹک ریاست کو ترقی کی راہ پر ڈال دیا۔ کرناٹک ترقی کا رتھ ہے۔ ڈیل انجمن حکومت نے ترقی کی رفتار بڑھادی ہے۔ بی جے پی حکومت مواضعات، ٹائر 2 اور ٹائر 3 شہریوں کی ترقی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ پارٹی نے ترقی کے بڑے شہریوں اور اطراف علاقوں تک محدود ہونے کا بیانیہ بدل دیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں فضائی سفر کا موڈ ہے۔ کانگریس کے دور حکومت میں ائیر انڈیا کی شناخت اسکامس، خراب تجارتی ماڈلس سے تھی۔ آج ائیرانڈیا دنیا کو ہندوستان کی طاقت دکھا رہا ہے۔ ائیرانڈیا نے دنیا کے سب سے بڑے طیاروں کی خریدی کی معاملت کی ہے اور دنیا میں ہندوستانی ہوا بازی مارکٹ کے چرچے ہورہے ہیں۔ آنے والے دنوں میں ہندوستان میں ہزاروں طیاروں کی ضرورت ہوگی۔ اس شعبہ میں ہزاروں نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔ فی الحال طیارے بیرونی ملکوں سے درآمد کیے جاتے ہیں۔ عنقریب وہ ہندوستان میں ہی تیار کیے جائیں گے اور وہ دن دور تھے جب ہندوستانی ہندوستان میں بنے طیاروں میں پرواز کریں گے ۔
انہوں نے کہا کہ 2014 ء سے قبل صرف شہروں میں ائیر پورٹس ہوتے تھے۔ چھوٹے شہروں میں ائیر پورٹس تعمیر کرنے کی کوئی پالیسی نہیں تھی۔ 2014 ء سے قبل سات دہائیوں میں صرف 74 ائیر پورٹس تعمیر ہوئے تھے۔ بی جے پی حکومت نے نو سالوں میں 74 نئے ائیر پورٹس تعمیر کیے۔ جب ائیر پورٹس کی تعمیر ہوتی ہے تو بیرونی شہری ڈالرس اور پاؤنڈس کے ساتھ یہاں آتے ہیں اور روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ بی جے پی حکومت ماؤں اور بہنوں کی تکالیف کو کم کرنے کے تئیں مکمل متوجہ ہے۔ بیت الخلاؤں کی تعمیر ، گیس اور نلوں کے ذریعہ پانی کی سربراہی کی جارہی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے پروگرام میں کسی اور شخص کے مرکز توجہ بنے کا امکان بہت کم ہوتا ہے۔ مگر اس جلسہ میں ایسا لگا کہ خود مودی کرناٹک بی جے پی کے طاقتور لیڈر بی ایس یڈ یورپا کو ان کے آبائی ضلع میں " فخر یہ مقام دے رہے ہیں ۔
شیموگہ ائیر پورٹ کے افتتاح پر مودی نے چار مرتبہ چیف منسٹر رہ چکے یڈ یورپا کی 80 ویں سالگرہ پر خوب ستائش کی اور ان کی خدمات کو عوامی زندگی کے لیے باعث تحریک قرار دیا۔ وزیر اعظم نے اس خاص دن پریڈیورپا کو تہنیت پیش کی اور چار مرتبہ کے چیف منسٹر کو اس وقت حیران کر دیا جب انہوں نے جلسہ گاہ میں موجود لوگوں سے یڈ یورپا کے اعزاز میں اپنے موبائل فون کی لائٹس روشن کرنے کی اپیل کی۔ طاقتور لنگایت لیڈر کی تقریر کے اختتام پر مودی نے کھڑے ہو کر تالیاں بجائیں۔ مودی کے اس سلوک نے قیاس آرائیوں کو ہوا دی کہ بی جے پی یڈیورپا کی عوامی مقبولیت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے انہیں اگلے اسمبلی انتخابات میں اپنی انتخابی مہم کے مرکز میں لانا چاہتی ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے گزشتہ ہفتہ عوامی اجلاس میں عوام سے مودی اور یڈ یورپا پر دوبارہ اعتماد کرنے اور بی جے پی کو ریاست میں برسر اقتدار لانے کی اپیل کی تھی۔
واضح رہے کہ بی جے پی کی مرکزی قیادت نے یڈیورپا کو جولائی 2021ء میں بطور چیف منسٹر مستعفی کروایا تھا۔ اس اقدام کو بعض گوشوں نے ان کی عمر سے منسوب کیا جبکہ بعض کا خیال تھا کہ پارٹی ریاست میں نئی قیادت کو فروغ دینا چاہتی ہے۔ مودی نے پُر جوش ہجوم سے کہا کہ یہ ایک سے زائد وجہ سے ایک خاص دن ہے۔ آج مقبول لیڈر بی ایس یڈیور پا کا یوم پیدائش ہے۔ میں ان کی طویل عمر کے لیے دعا گو ہوں۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی غرباء اور کسانوں کی بہبود کے لیے گزاری۔
وزیر اعظم نے گزشتہ ہفتہ کرناٹک اسمبلی میں یڈ یورپا کی تقریر کو یاد کیا اور اسے عوامی زندگی میں موجود ہر شخص کے لیے باعث تحریک قرار دیا۔ مودی نے کہا کہ یڈ یورپا کی تقریر اور ان کی زندگی ہمیں اور انگلی نسل کو تحریک دیتی رہے گی کہ کامیابی کی بلندی پر پہنچنے کے باوجود کس طرح خاکساری کا رویہ اختیار کرنا چاہیے۔ انہوں نے اپنی عوامی زندگی کے 60-50 سال نظریہ کے لیے گزار دیے۔ جب مودی انہیں میسور پیٹا (میسور کی پگڑی ) اور سبز شال پہنا رہے تھے تو یڈ یور پا جذبات سے مغلوب تھے اور بمشکل اپنے اشک روک پا رہے تھے ۔ تا ہم جیسے ہی موبائیل فونس کی روشنیاں ہوئیں، یڈیورپا اپنے جذبات کو ضبط نہیں کر سکے اور آنکھوں سے اشک رواں ہو گئے اور انہیں آنکھیں پو نچھتے دیکھا گیا۔
سابق چیف منسٹر نے کہا کہ اس پروگرام سے میں خوشی سے سرشار ہو گیا۔ وزیر اعظم مودی نے وعدہ کیا تھا کہ ائیر پورٹ کا افتتاح میری سالگرہ پر ہوگا ۔" یڈیور پا جو انتخابی سیاست سے سبکدوشی کا اعلان کر چکے ہیں، نے شیموگہ کے عوام سے اظہار ممنونیت کیا جنہوں نے انہیں خدمت کے لیے اپنا نمائندہ منتخب کیا۔ اپنی 55 سالہ عوامی زندگی کو یاد کرتے ہوئے یڈیور پانے کہا کہ عام طور پر مجھے سالگرہ منانے میں دلچسپی نہیں ہے مگر جب بنگلورو میں میری 60 ویں سالگرہ منائی گئی تو اس وقت کے وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی نے اس پروگرام کی صدارت کی اور کہا کہ وہ بھی عام طور پر سالگرہ کی تقاریب میں شریک نہیں ہوتے مگریہ ایک استثنائی معاملہ ہے۔